حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، تحریکِ منہاجُ القرآن اور جملہ فورمز ضلع سیالکوٹ (اے) کے زیرِ اہتمام سالانہ تین روزہ ’’پیغامِ شہادتِ امام حسینؑ کانفرنس‘‘ کی پہلی نشست کا انعقاد کیا گیا؛ جس میں علماء و مشائخ، سیاسی و سماجی شخصیات اور تحریکِ منہاجُ القرآن سیالکوٹ کے ذمہ داران و کارکنان کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

کانفرنس کی پہلی نشست سے مولوی منیر حسین قادری نے ’’قرآن اور اہلِ بیت علیہم السلام‘‘ کے موضوع پر تفصیلی گفتگو کی۔
انہوں نے کہا کہ قرآنِ مجید اور اہلِ بیتِ اطہارؑ امتِ مسلمہ کے لیے ہدایت، رشد و فلاح اور دینِ حق کی صحیح تفہیم کے دو اہم سرچشمے ہیں۔ اہلِ بیتِ رسولؐ کی محبت، تعظیم اور اتباع ایمان کا تقاضا ہے اور ان کی سیرت و کردار امت کے لیے بہترین نمونہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ واقعۂ کربلا قرآن و سنت کی تعلیمات کے تحفظ، حق و صداقت کے قیام اور ظلم و جبر کے خلاف استقامت کا عظیم پیغام دیتا ہے۔ حضرت امام حسینؑ اور شہدائے کربلا نے دینِ اسلام کی سربلندی اور امت کی اصلاح کے لیے لازوال قربانیاں پیش کیں، جن کی یاد آج بھی مسلمانوں کے لیے عزم، حوصلے اور حق پر ثابت قدمی کا درس ہے۔

کانفرنس میں علماء و مشائخ، سیاسی و سماجی شخصیات اور تحریکِ منہاجُ القرآن سیالکوٹ کے ذمہ داران و کارکنان کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
واضح رہے تحریکِ منہاجُ القرآن، پاکستان کے معروف سنی عالم دین مولوی ڈاکٹر طاہر القادری کا ادارہ ہے جو کہ تقریب مذاہب اور تعلیمات قرآن و اہل بیت علیہم السّلام کے فروغ میں کوشاں رہتا ہے۔









آپ کا تبصرہ